بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ شو بز میں خواتین کی پوزیشن میں تبدیلی آرہی ہے۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اس برس فلم انڈسٹری میں 50 سال مکمل کرنے والی 73 سالہ اداکارہ نے اس حوالے سے اداکاراؤں دیپکا پدوکون اور عالیہ بھٹ کو خصوصاً سراہا۔
شبانہ اعظمی کے مطابق دیپکا اور عالیہ نے کمرشل فلموں میں خواتین کے حوالے سے مثبت تبدیلی میں اہم کردار ادا کیا، یہ اچھا شگون ہے۔
1974 کی ہندی فلم انکر سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کرنے والی شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کے کمرشل ورلڈ میں اب ہر عمر کی خواتین کے لیے قسم قسم کے کردار تخلیق کیے جا رہے ہیں جو ایک اچھی علامت ہے۔
یاد رہے کہ شبانہ اعظمی نے عالیہ بھٹ کے ساتھ روکی اور رانی کی پریم کہانی میں کام کیا ہے۔