لندن ۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کیون پیٹرسن کو امید ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آ کر انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنائیں گے۔ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس کو ایک انٹرویو میں 33 سالہ پیٹرسن کا کہنا تھا کہ انھوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی امید نہیں چھوڑی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کیون پیٹرسن نے کہا کہ وہ اپنے ملک کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانا چاہتے ہیں۔سنہ 2008 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کریئر شروع کرنے والے پیٹرسن نے 104 ٹیسٹ میچوں میں 47 رنز کی اوسط سے 8181 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے 136 ایک روزہ میچوں میں 4440 رنز جب کہ 37 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1176 رنز بنائے ہیں۔خبر رساں ادارے روئیٹرز کے مطابق پیٹرسن کو سنہ 2012 میں اس وقت ٹیم سے نکال دیا گیا تھا جب انھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم اور بالخصوص کپتان اینڈریو سٹراو¿س کے بارے میں ’اشتعال آمیز‘ ٹیکسٹ پیغامات بھیجے تھے۔اس بارے میں پیٹرسن کا کہنا تھا ’اینڈریو سٹراو¿س میرے بہترین دوست تھے تاہم انھیں ’اشتعال آمیز‘ ٹیکسٹ پیغامات بھیجنا میرے کریئر کی سب سے بڑی شرمندگی تھی۔‘کیون پیٹرسن کو سنہ 2008 میں انگلش ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی تاہم پانچ ماہ بعد ہی اس وقت کے کوچ پیٹر مورز سے کشیدگی کے باعث انھوں نے یہ ذمہ داری چھوڑنا پڑی تھی۔انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن رواں ماہ شروع ہونے والے انڈین پریمئر لیگ میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی کپتانی کریں گے۔