لکھنؤ: قیصر باغ واقع اودھ بس ڈپو پر جمعرات کی رات دردناک حادثہ رونما ہو گیا۔ بتایاجارہا ہے کہ پانی پیتے وقت واٹر کولر میں کرنٹ اترنے سے ایک ہوٹل ملازم کی موت ہو گئی۔
حادثہ دیکھ کر افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ کنبہ کے افراد نے ٹرانسپورٹ محکمہ کی لاپروائی کی وجہ سے بیٹے کی موت ہونے پر الزام عائد کر کے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سیتاپور کے تمبور باشندہ 18سالہ لٹل قیصر باغ واقع ہوٹل میں کام کرتا تھا۔ والد پپو نے بتایا کہ لٹل جمعرات کی رات 11 بجے کھاناکھانے کے بعد نزدیک میں ہی واقع اودھ بس ڈپو احاطہ میں لگے واٹر کولر سے پانی پینے گیا تھا۔
واٹرل کولر چھوتے ہی لٹل کرنٹ کی زد میں آگیا۔ حادثہ دیکھ کر وہاں سراسیمگی پھیل گئی۔
اطلاع پر پہنچے پولیس ملازمین نے اُسے ٹراما سینٹر بھجوایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ والد پپو نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ کی لاپروائی سے بیٹے کی جان چلی گئی۔ انہوں نے جانچ کر کے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔کنبہ میں والد پپو، ماں للی اور بھائی ببلو ہے۔ انسپکٹر وزیر گنج کے مطابق ابھی تک تحریرنہیں ملی ہے۔