لکھنؤ، 20 مئی (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں اتر پردیش کی 14 سیٹوں کے لیے پولنگ پیر کی صبح سات بجے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شروع ہوگئی۔ انتخابات کے اس اہم مرحلے میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سمیت کئی بڑے لیڈروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔
ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) نودیپ رِنوا نے کہا کہ ووٹنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی اور اس کے بعد بھی قطار میں کھڑے لوگوں کو ووٹ ڈالنے کا موقع دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 14 لوک سبھا سیٹوں کے علاوہ لکھنؤ ایسٹ اسمبلی کے لیے بھی ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، جو کہ موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے آشوتوش ٹنڈن گوپال جی کی موت کے بعد خالی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں جن 14 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے ان میں موہن لال گنج، لکھنؤ، رائے بریلی، امیٹھی، جالون، جھانسی، ہمیر پور، باندہ، فتح پور، کوشامبی، بارہ بنکی، فیض آباد، قیصر گنج اور گونڈہ لوک سبھا سیٹیں شامل ہیں۔ ان میں سے 10 سیٹیں جنرل زمرے کی ہیں اور 4 سیٹیں شیڈول کاسٹ کے لیے مخصوص ہیں۔