دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں پر انتخابی مہم جمعرات (23 مئی) کو ختم ہونے کے بعد کانگریس کے لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے پارٹی امیدوار کنہیا کمار کے ساتھ دہلی میٹرو میں سفر کر کے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے میٹرو میں سفر کے دوران مسافروں سے خوب بات چیت کی۔
انہوں نے مسافروں سے ان کے مسائل پوچھے۔ اس دوران راہل گاندھی کافی خوش نظر آئے۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی کو میٹرو میں کنہیا کمار کے ساتھ کھل کر بات کرتے بھی دیکھا گیا۔
انہوں نے مسافروں کے ساتھ اپنی گفتگو اور دہلی میٹرو کے سفر کے حوالے سے ’ایکس‘ و انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’ دہلی میٹرو، ایک وقت دہلی کے لوگوں کی ضرورت تھی، پھر بنی عادت اور اب محبت۔ سبھی کے ساتھ آج اس چھوٹے سے سفر میں بہت مزہ آیا۔
عوام کی راحت کے لیے ایسی سہولت بنانے کا فخر ہے۔ کانگریس ان کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور نئی سہولیات بنانے کے لیے پابند عہد۔‘‘
اس کے علاوہ راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر اپنے کاؤنٹ پر بھی اس سفر کی کچھ فوٹوز شیئر کی ہیں۔ ان فوٹوز کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے کہ میٹرو سفر، دہلی کے دل والوں کے ساتھ۔ ساتھی مسافروں سے مل کر ان کا حال-چال پوچھا۔ مجھے خوشی ہوتی ہے یہ دیکھ کر کہ دہلی میں میٹرو بنانے کی ہماری پہل عوام کی آمد ورفت کے لیے اتنی سہولت کی حامل ثابت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں کے لیے انتخابی مہم جمعرات کو ختم ہو گئی۔ دہلی کے ووٹر ہفتہ (25 مئی) کو اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ بی جے پی نے تمام سات سیٹوں پر پارٹی امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ ساتھ ہی انڈیا الائنس کے تحت، کانگریس اور عام آدمی پارٹی ایک ساتھ انتخابی میدان میں ہیں۔
الائنس کے تحت عآپ نے دہلی کی چار سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ کانگریس نے تین سیٹوں پر۔ کانگریس نے کنہیا کمار کو شمال مشرقی دہلی سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ یہاں کنہیا کمار کا مقابلہ بی جے پی کے موجودہ ایم پی منوج تیواری سے ہے۔ دہلی میں اصل مقابلہ بی جے پی اور انڈیا الائنس کے درمیان ہے۔