فتح پور: چوک چوراہوں پر پھیلا ناجائزقبضے کا جال اور پٹری سے اترا ٹریفک بندوبست راہگیروں کی راہ میں روڑا بناہواہے،نگر پالیکا اور ٹریفک محکمہ کے نظر انداز کرنے کے سبب آئے دن شہر میں شدید طور سے جام لگتاہےاور یہ مسئلہ دقت طلب ہوتا جارہا ہے،اس کے باوجود افسران اس جانب سے قطعی سنجیدہ نہیں ہیں۔
پتھر کٹا چوراہا میں پھل اور سبزی والوںنے فٹ پاتھ پر قبضہ کر رکھاہے جس سے سڑکوں پر ٹریفک مشکل ہوگیا ہے۔اسی طرح پٹیل نگر چوراہا،ورماچوراہا، اشوک نگربس اسٹینڈ،جوالا گنج بس اسٹاپ ، بندکی بس اسٹاپ اور باقر گنج چوراہا بھی ناجائز قبضہ کی گرفت میں ہے،سڑک پر کھڑی آڑی ترچھی گاڑیاں جام کا اہم سبب بنتی ہیں۔حالات تویہ ہے کہ سڑکوں پر کھڑے ٹریفک سپاہی بھی ٹریفک کو کنٹرول نہیں کرپاتے ہیں۔
ایسی حالت میں جام سے عام لوگ کافی پریشان ہیں اور یہ سلسلہ مستقل طور پر جاری ہے ، شہریوں کو جام سے نبرد آزما ہونا پڑتاہے۔
، اسی طرح شہر کا باندہ ساگرروڈ ہو یا پھر پتھر کٹا چوراہا سڑک پر گھومتے آوارہ جانور ٹریفک نظام کو خراب کئےہیں۔ پٹیل نگر چوراہا ،ورما چوراہا وغیرہ راستوںمیں ان کی دہشت آئے دن راہگیروں کو جھیلنا پڑرہاہے،حالت یہ ہے کہ آوارہ جانور نہ صرف دکانداروں کا نقصان کرتے ہیں بلکہ راہگیروںکو بھی زخمی کردیتے ہیں،
نگر پالیکانے آوارہ جانوروں کو پکڑنے یا مویشی پالنے والوں پر کارروائی کرنے کا کوئی ٹھوس قدم ابھی تک نہیں اٹھایا ہے اس کی وجہ سے مویشی پالنے والے لوگ صبح مویشیوں سے دودھ نکال کر جانوروں کو چھوڑ دیتے ہیں جولوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔