لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے ذریعہ آبروریزی کرنے والوں کی حمایت میں جو بیان دیاگیا ہے اس کی بی جے پی نے مذمت کی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ سے سماج و ملک کو ایسی امید نہیں تھی۔ اس لئے اس طرح کے بیان کیلئے انہیں سزا دی جانی چاہئے۔
مذکورہ بات بی جے پی کے ریاستی صدرڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے ریاستی دفتر میں صحافیوں سے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ملائم سنگھ یادو کے ذریعہ دیاگیا بیان آبروریزی کرنے والوں کی حمایت میں دیاگیا ہے جو سراسر غلط ہے۔ یہ سماج وادی پارٹی کے حقیقی کردار کو ظاہر کرتا ہے۔ جب اس بیان کی چاروں طرف سے مذمت کی جا رہی ہے تب انہیں غلطی کا احساس ہو رہا ہے جبکہ وہ اپنے بیان سے انکار کررہے ہیں۔ مسٹر باجپئی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی لیڈر خواتین کے تئیں قابل اعتراض بیان دینے سے باز نہیں آرہا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابو ہاشم اعظمی کا یہ بیان کہ جسمانی تعلقات رکھنے والی عورت کو بھی پھانسی دینی چاہئے ۔ یہ ظاہر کرتاہے کہ سماج وادی پارٹی ذاتی قانون نافذ کرنا چاہتی ہے۔ اس سے قبل خاتون ریزرویشن کے سلسلہ میں بحث کے دوران ملائم سنگھ یادو نے کہا تھا کہ اسمبلی میں خواتین کی تعداد زیادہ ہو جائے گی تو لوگ سیٹی بجائیں گے۔ انہوں نے بائیں بازوں کی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بائیں بازوں نظریات کی تنظیمیں جو موم بتی لیکر ہر معاملہ میں کھڑی ہو جاتی ہیں اب ان کی موم بتی کیوں بجھ گئی ہے۔ اعظم خاں پر تنقید کرتے ہوئے مسٹر باجپئی نے کہا کہ ہندوستان کے باوقار فوج کی اعظم خاں نے بے عزتی کی ہے۔ فوج صرف اور صرف فوج ہو سکتی ہے اسے ہندو و مسلمانوں میں تقسیم نہیں کیاجانا چاہئے۔