ابوجہ، 28 مئی (یو این آئی) نائجیریا کی وسطی نائجر ریاست میں مخصوص کمیونٹی پر مسلح افراد کے حملے میں چار مقامی سکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔
نائجیریا کے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ مونیا لوکل گورنمنٹ ایریا کی کوچی کمیونٹی کو نشانہ بنا کر جمعہ کی رات دیر گئے ہونے والے اس حملے کے دوران 150 سے زائد باشندوں کو بندوق برداروں نے اغوا کر لیا۔
یہ بھی ضرور دیکھیں
مقامی بلیو پرنٹ اخبار نے مونیا لوکل گورنمنٹ ایریا کے سربراہ امین نجم کے حوالے سے بتایا کہ مسلح افراد نے شدید بارش کے دوران کمیونٹی پر حملہ کیا اور گھر گھر جا کر لوگوں کو اغواء کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق فرار ہونے کی کوشش کرنے والے تین لوگوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس تصادم کے دوران حکومت کی حمایت یافتہ سکیورٹی ٹاسک فورس کے چار ارکان بھی مارے گئے۔
مقامی پولیس نے ابھی تک اس تازہ واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
نائجیریا کے شمال اور وسطی علاقوں میں مسلح حملہ بڑا سکیورٹی خطرہ ہے، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں اور اغواء کے واقعات ہو رہے ہیں۔