لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ موہن لال گنج میں اچانک گیہوں کی فصل میں آگ لگ گئی۔ آگ کی زد میں آنے سے دس کسانوں کی گیہوں کی فصل جل کر راکھ ہو گئی ۔ دوسری جانب موہن لال گنج میں تین لوگوں کے چھپر میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے گھرمیں رکھا ہوا سامان جل کر راکھ ہو گیا، موصولہ خبر کے مطابق موہن لال گنج کے گنیش کھیڑا گاؤں میں جمعہ کی صبح نئی جیل روڈ سے کچھ فاصلہ پر کھڑی ہوئی گیہوں کی فصل میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خطرناک شکل اختیار کر لی۔ آتشزدگی کے سبب گاؤں کے رنجیت ، شیو کمار، سنتوش، راکیش، دیپک، سریش وغیرہ کی تقریباً تین بیگہہ فصل جل کر راکھ ہو گئی۔ گاؤں کے لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن ان کی حکمت کام نہیں آسکی۔ اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی موقع پر پہنچی لیکن اس وقت تک فصل جل کر راکھ ہو چکی تھی۔ دوسری جانب گنیار گاؤں کا باشندہ مزدور شیو دیال کنبہ کے ساتھ کھیت پر کام کر رہا تھا۔ اس کے گھر کے باہر بنے ہوئے چھپر میں آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے مزدورکے گھر کو اپنی زد میں لے لیا اور پڑوسی برج بھان و رام سمیر کے گھر بھی آگ کی زد میں آگئے۔ گاؤں کے لوگوں نے پمپ اور ہینڈ پمپ کی مدد سے تقریباً ایک گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ آگ لگنے کے سبب مزدور کے گھر میں رکھا ہوا تمام سامان جل کر راکھ ہو گیا جبکہ چھپر کے نیچے بندھی ہوئی اس کی گائے بھی جھلس گئی۔