نئی دہلی: قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے رہنماؤں نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیشی، ان کی قائدانہ صلاحیت اور 10 سال کے ان کے کام سے ملک کی ترقی اور دنیا میں ہندوستان کے فخر میں اضافہ کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت ملک کو ترقی اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے موزوں رہنما ہیں

مودی کو نو منتخب این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کے لیڈر کے طور پر منتخب کرنے کے لئے پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ میٹنگ میں کہا گیا کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کی مسلسل تیسری جیت مسٹر مودی کی قیادت والی حکومت کے 10 سال کے کاموں اوروزیر اعظم کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے ۔
این ڈی اے لیڈروں نے کہا کہ انتخابات کے دوران مودی حکومت کے بارے میں جو بے بنیاد باتیں پھیلائی گئیں عوام نے اسے مسترد کر دیا۔ انہوں نے مسٹرمودی کو غیر مشروط طور پر مکمل حمایت اور تعاون دینے کا عہد کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسٹر مودی کی قیادت میں ہندوستان جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا اور سب کے ساتھ اور سب کی ترقی کے مسٹرمودی کے ویژن کے ساتھ ہندوستان ترقی یافتہ قوم کا ہدف بھی حاصل کرے گا۔









