سائو پولو۔ 29 اکتوبربرازیل کے سب سے بڑے شہر سائو پائولو میں پولیس کے ہاتھوں 17 سالہ نوجوان کے قتل پر احتجاج کے دوران پھوٹ پڑنے والے ہنگاموں میں ایک شخص ہلاک اور 90 کو گرفتار کرلیا گیا۔ مشتعل مظاہرین نے 6 مسافر بسوں اور 3 ٹرکوں کو نذر آتش کردیا۔ سائو پائولو پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سائو پائولو کے جنوبی مضافاتی علاقے والا میڈیروس میں 17 سالہ نوجوان پولیس اہلکار کے ہاتھوں اتفاقیہ گولی چل جانے کے نتیجہ میں ہلاک ہوا تاہم اس واقعہ کی خبر پھیلتے ہی سینکڑوں مشتعل نوجوان سڑکوں پر نکل آئے۔ ان لوگوں نے دکانوں میں توڑ پھوڑ کی اور کئی گاڑیاں روک کر ان کو آگ لگا دی ۔ واضح رہے کہ آئندہ تین سال کے دوران سائو پائولو میں کھیلوں کے دو عالمی مقابلے منعقد ہونے والے ہیں لیکن حکومت کے خلاف پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تیزی آرہی ہے۔