چھتیس گڑھ کے بلودا بازار ضلع میں مذہبی علامت ’جیت کھمب‘ کو نقصان پہنچائے جانے کے خلاف ستنامی سماج کی تحریک نے آج تشدد کی شکل اختیار کر لی۔ سڑکوں پر اترے ہزاروں مظاہرین نے کلکٹریٹ آفس میں گھس کر توڑ پھوڑ اور آگ زنی کی۔
اس دوران مظاہرین نے 200 سے زائد گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ وجئے شرما نے ’جیت کھمب‘ کو متاثر کیے جانے کے واقعہ کی عدالتی جانچ کا حکم دے دیا ہے، لیکن ستنامی سماج کی ناراضگی کم نہیں ہو رہی ہے۔
ستنامی سماج کے لوگ صرف عدالتی جانچ کے فیصلہ سے مطمئن نہیں ہیں بلکہ وہ پورے واقعہ کی سی بی آئی جانچ کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 15 اور 16 مئی کی درمیانی شب کو کچھ نامعلوم لوگوں نے بلودا بازار ضلع کے گرودپوری کے مہکونی گاؤں واقع سَنت امر داس کی عبادت والی جگہ پر پاکیزہ علامت جیت کھمب کو نقصان پہنچایا تھا۔
اس واقعہ کے خلاف ستنامی سماج نے 10 جون یعنی آج یہاں دسہرہ میدان میں احتجاجی مظاہرہ و ضلع مجسٹریٹ آفس کے گھیراؤ کا اعلان کیا تھا۔