نئی دہلی، 25 جون (یواین آئی) اداکارہ اور منڈی کی ایم پی کنگنا رناوت نے منگل کے روز 6 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ‘ایمرجنسی’ کا پوسٹر جاری کیا۔
کنگنا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کا نیا پوسٹر جاری کیا۔ انہوں نے پوسٹر کے ساتھ کیپشن بھی لکھا، “آزاد ہندوستان کے سیاہ ترین باب کے 50 ویں سال کا آغاز، 6 ستمبر-2024 کو سینما گھروں میں کنگنا رناوت کی ‘ایمرجنسی’ کا اعلان۔ ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ کے سب سے متنازعہ واقعہ کی دھماکہ خیز کہانی، ’ایمرجنسی‘ 6 ستمبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں۔
دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ بی جے پی کی نومنتخب رکن پارلیمنٹ نے ایک ایسے وقت میں اپنی فلم ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے جب 1975 میں ایمرجنسی کے نفاذ کی 49 ویں برسی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن انڈیا گروپ کے خلاف ہتھیار کے طور پرپیش کیا ہے۔
فلم کی ریلیز کی تاریخ پہلے بھی کئی مواقع پر ملتوی کی جا چکی ہے۔ مئی میں کنگنا نے لوک سبھا انتخابی مہم کی وجہ سے اپنی فلم کی ریلیز ملتوی کر دی تھی۔
‘ایمرجنسی’ میں، کنگنا نے ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے، جنہیں اور ان کی کانگریس پارٹی کو ملک بھر میں آزادی اور حقوق کو دبانے والی ایمرجنسی نافذ کرنے کے لئے قصوروار ٹھہرایاگیا ہے۔ یہ فلم ملک میں ایمرجنسی کے دوران کے ان اہم اور ہنگامہ خیز واقعات پر مرکوز ہے، جو بڑے پیمانے پر سیاسی اور سماجی اتار چڑھاؤ سے بھراہوا ہے۔