لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اساتذہ تنظیموں کے مختلف گروپوں نے پارلیمانی انتخاب میں سماج وادی پارٹی کی حمایت کی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے دانشور سیل کے ریاستی صدر منوج پانڈے کے ساتھ پریس کانفرنس میں ریاستی پرائمری اساتذہ تنظیم کے صدر للن مشرا، جنرل سکریٹری سریندر سنگھ یادو، امیش دیویدی ، سنجے مشرا، کرشن موہن شکلا نے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے ذریعہ اساتذہ کے مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات کے پیش نظر پارلیمانی انتخاب میں سماج وادی پارٹی کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ للن مشرا نے کہا کہ کچھ تنظیمیں موجودہ حکومت کی تصویر کو مسخ کرنے کیلئے انتخاب میں اساتذہ کو گمراہ کر رہی ہیں لیکن ریاست کی بڑی اساتذہ تنظیمیں پارلیمانی الیکشن میں سماج وادی پارٹی کی
حمایت کررہی ہیں۔
منوج پانڈے نے کہا کہ پارلیمانی الیکشن میں دانشور سیل کے اراکین بڑی تعداد میں سماج وادی پارٹی کی حمایت پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے چہرے سے نقاب اٹھ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانشور سیل نے تیس پارلیمانی نشستوں میں ریلی اور جلسوں کاانعقاد کرکے بی جے پی جے کے چہرے پر سے نقاب اٹھا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دانشور سیل سماج وادی پارٹی کے ساتھ وعدے ، نعرے اور اعلان کے سبب نہیں بلکہ ان کے کاموں کے سبب پارٹی سے جڑا ہے۔