ممبئی میں اتوار کی رات 1 بجے سے پیر کی صبح 7 بجے تک چھ گھنٹے میں 300 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ جس کے باعث شہر کے کئی نشیبی علاقےزیر آب ہیں۔
ریلوے نے بتایا کہ پٹریوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے ممبئی ڈویژن کی 5 ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔ کچھ لوکل ٹرینیں بھی کئی گھنٹے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ممبئی میں، بی ایم سی نے سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں آج چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کے رائے گڑھ قلعہ میں پیر کی صبح 3 بجے سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے قلعہ کی سیڑھیوں پر پانی تیز رفتاری سے بہہ رہا ہے۔ بہت سے سیاح قلعے کے اوپر پھنسے ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آج 11 ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اتراکھنڈ میں گزشتہ 4 دنوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے کیدارناتھ اور بدری ناتھ ہائی وے سمیت 115 سے زیادہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
کئی سڑکیں مٹی کے تودے گرنے سے اور کچھ بہہ جانے کی وجہ سے بند ہو گئیں۔ اس کے بعد چار دھام یاترا روک دی گئی۔ جس کی وجہ سے 6 ہزار عقیدت مند مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔ گنگا سمیت چھ ندیاں خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہی ہیں۔