وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان کی پریس کانفرنس کے دوران ان کے اور ایک صحافی کے دوران تلخی ہوگئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جین پیئر سے پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر جوبائیڈن کی صحت اور ڈاکٹر سے متعلق سوال پوچھنے پر بحث ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافی نے وائٹ ہاؤس کی ترجمان سے امریکی صدر جوبائیڈن کے نیورولوجسٹ کا نام جاننے کی کوشش تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق پارکنسنز کے مرض کے ایک ماہر نے اس سال کے شروع میں صدر جوبائیڈن کے معالج سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی جس کے بارے میں خاطر خواہ وضاحت سامنے نہیں آئی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسی وجہ سے پریس کانفرنس میں موجود ایک رپورٹر نے اس کیس کی تفصیلات کے بارے میں پوچھنے کی کوشش کی تھی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ میں سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر لوگوں کے نام نہیں بتا سکتی، صدر کو ایک نیورولوجسٹ نے تین بار دیکھا کیونکہ یہ معاملہ جسمانی معائنہ سے متعلق ہے جو وہ ہر سال کرتے ہیں، ہم اس کے نتائج بتا سکتے ہیں مگر مزید کچھ نہیں۔
اس موقع پر رپورٹر نے پوچھا کہ نیورولوجسٹ بائیڈن کے پاس 8 بار گیا یا ایک بار؟، آپ کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے۔
اس پر وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے جواب دیا کہ براۂ کرم تھوڑا احترام سے بات کریں۔
جواب میں رپورٹر نے دوبارہ پوچھا کہ آپ دوسرے لوگوں کے نام بتا سکتی ہیں جن سے امریکی صدر نے ملاقات کی لیکن آپ ان کے ڈاکٹروں کے نام نہیں بتا سکتیں؟
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جین پیئر نے جواب دیا کہ ہم ماہرین کے نام بڑے پیمانے پر نہیں بتا سکتے، ہمیں ان کی پرائیویسی کا احترام کرنا چاہیے۔