واشنگٹن ؛ امریکا میں سمندری طوفان بیرل سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ریاست ٹیکساس اور لوزیانا میں مختلف حادثات میں آٹھ افرادہلاک اور 1500سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
سمندری طوفان ٹیکساس سے ٹکڑایا،جس نے ریاست آرکنساس اورلوزیانا کو شدیدمتاثرکیا۔ اس دوران 30لاکھ گھروں اور کاروباری مراکز کوبجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بجلی بحالی میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔ شدید طوفانی بارش سے سڑکیں زیرآب آگئیں،گاڑیاں ڈوب گئیں،تیز ہواوں سے درخت اکھڑ گئے،گھروں اورانفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان بیرل سے مسوری الینوائے، انڈیانا، ٹینیسی، اوہائیو ، مشی گن اور دیگر ریاستوں کے بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔امریکی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بلاوجہ گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ ساحلوں پر جانے پر پابندی ہے جب کہ ماہی گیروں کو واپس بلالیا گیاہے۔میونسپل اداروں، فائر بریگیڈ اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔واضح رہے کہ سمندری طوفان بیرل ٹیکساس اور لوزیانا سے ٹکرانے سے قبل جزائر غرب الہند کے ملک جمیکا اور دیگر جزائر میں بھی تباہی مچا چکا ہے جس کی وجہ سے کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری جانب وینزویلا میں بھی بیریل طوفان کی وجہ تباہی ہوئی اور اموات کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیریل طوفان نے ملک کے شمال مشرقی حصے کو متاثر کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔متاثرہ علاقے کی گلیاں اور شاہراہیں کیچڑ سے بھر گئیں ۔ اندازے کے مطابق بیریل طوفان کے دوران بارش کی وجہ سے 7 ہزار 960 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔کوماناکووا شہر سے گزرنے والے مانزاناریس دریا میں طغیانی کے باعث مکانات اور زرعی اراضی زیر آب آ گئی ہے۔ حکام کے مطابق بیریل طوفان نے 29 ہزار افراد کو متاثر کیا ہے ۔ امدادی سامان علاقے میں پہنچا دیا گیا ہے۔