کنگسٹن ۔ ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی برائن لارا کوٹسٹ میں ریکارڈ ساز اننگ کھیلے ایک دہائی مکمل ہو گئی۔ آج بھی ان کا ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکا ہے۔ برائن لارا دنیائے کرکٹ کے ایک ایسے عظیم بلے باز ہیں جو کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ ایسابلے باز جس کی صلاحیتوں کو ہر کوئی مانتا ہے۔ لارا وکٹ پر کھڑے ہو جاتے تو اچھے اچھے باؤلرز کے چھکے چھڑا دیتے، ایسا ہی کچھ لارا نے ٹسٹ کرکٹ میں ایک دہائی قبل بھی کیا جو ریکارڈ بن گیا۔ لارا نے اینٹیگا میں انگلینڈ کے خلاف2004میں کھیلے جانے والے ٹسٹ میچ میں ناقابل شکست 400 رن بنائے جو تاریخ بن گئی۔ لارا نے دو دن کی بیٹنگ میں 582 گیندوں کا سامنا کیا اور43چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ریکارڈ ساز اننگ کھیل ڈالی۔ ویسٹ انڈین بلے باز نے آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن کا 2003 میں 380 رن کا بنایا جانے والا ریکارڈ پاش پاش کر دیا تھا۔ برائن لارا کو فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک اننگ میں 500 رن بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ لارا کو سرڈان بریڈ مین ، سر گیری سوبرز، سنیل گواسکر، بیری رچرڈز اور سچن ٹنڈولکر کے ساتھ دنیائے کرکٹ کے چند عظیم بلے باز وں میں شمار کیا جاتا ہے۔ لارا نے 2007میں انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کر دیا تھا۔