بارہ سال بعد شام کی قومی ايئرلائنس کا پہلا طیارہ بدھ کو سعودی دارالحکومت ریاض کے ملک خالد ایئرپورٹ پر اترا۔ شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق آج صبح شامی ایئرلائنس کا پہلا طیارہ ملک خالد ہوائی اڈے پر اترا جس سے دمشق و ریاض کے درمیان ہوائی سروس بحال ہونے کا پتہ چلتا ہے۔
دریں اثنا اس مناسبت سے سعودی عرب میں شام کی سفیر ایمن سوسن اور سعودی عرب کی ایوی ایشن حکام کی موجودگی میں ملک خالد ایئرپورٹ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
سعودی عرب میں شام کی سفیر نے اس واقعے کو شام اور سعودی عوام کے لئے ایک خوشی کی خبر بتایا اور کہا کہ سعودی عرب کے لئے شام سے پروازیں شروع ہونے سے دونوں ملکوں کے درمیان رابطہ آسان ہوجائے گا اور شہریوں کو دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست سفر کرنے کا موقع ملے گا۔
ایمن سوسن نے کہا کہ شام و سعودی عرب کے درمیان باقاعدہ پروازوں کا آغاز پائیدار ترقی کی راہ میں ایک قدم ہے ۔
سعودی عرب نے شام کے خلاف دہشتگردانہ جنگ شروع ہونے کے ایک سال بعد دو ہزار بارہ سے شام کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کر کے دمشق میں اپنا سفارتخانہ بند کردیا تھا۔