سی ٹی ڈی پنجاب نے القاعدہ کے بانی سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گجرات سے گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے جسے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ دہشت گرد امین الحق کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ گرفتاری کا مقدمہ درج کر کےمزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
لاہور میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان اکرم گوندل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر امین الحق اسامہ بن لادن کا سیکیورٹی سپروائزر کے طور پر جانا جاتا تھا، اس طرح کا کوئی دہشتگرد آتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ڈی آئی جی عثمان اکرم نے کہا کہ دہشت گرد 2007ء میں گرفتار ہوا تھا اور 4 سال سزا کاٹی تھی، دشمن ملک کی ایجنسی نے اس پر بہت پروپیگنڈا کیا تھا، یہ دہشت گرد اگست 2021ء سے افغانستان میں دکھائی دیا تھا جو حال ہی میں پاکستان داخل ہوا، اس سطح کا دہشتگرد پاکستان میں کیا کر رہا تھا تفتیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دہشت گرد کے پاس پاکستان کا آئی ڈی کارڈ بھی ہے، اس دہشتگرد کے شناختی کارڈ پر لاہور اور ہری پور کے ایڈریس درج ہیں، یہ پاکستان میں کیسے آیا اور کس آئی ڈی سے ٹریول کیا، تفتیش کر رہے ہیں۔
ڈی آئی جی عثمان اکرم کا کہنا تھا کہ جو کیس اس دہشت گرد پر رجسٹرڈ کیا گیا ہے وہ سزا اس کو بھگتنی پڑے گی۔
یاد رہے کہ یکم مئی 2011ء کو ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز نے آپریشن کے دوران اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔