امریکی و برطانوی جنگی طیاروں نے یمن پر اپنی جارحیت کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے صوبہ الحدیدہ کے الصلیف شہر کی غیر عسکری بندرگاہ راس عیسی پر چار بار بمباری کی ہے۔
ایرنا نے یمنی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمن کے صوبہ حجہ میں میدی ضلع کے بحیص علاقے کو امریکی اور برطانوی جارحین نے دو بار اپنے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔یمنی سرزمین پر امریکہ اور برطانیہ کے یہ حملے ہفتے کے روز الحدیدہ بندرگاہ پر صیہونی حکومت کے فضائی حملے کے بعد چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقت میں ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں چھے افراد شہید، تین افراد لاپتہ اور تیراسی زخمی ہوئے ہیں۔
بنیادی تنصیبات پر امریکی برطانوی اور صیہونی حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبد الملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ امریکہ یمنی عوام کے خلاف فوجی اور اقتصادی جنگ کو ہوا دے رہا ہے۔
انہوں نے ڈیزل اور ایندھن کے ذخیروں پر صیہونی دشمن کے حملوں کو ایک نمائشی اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کا مقصد دنیا والوں کو وسیع پیمانے پر بھڑکتی آگ کے شعلے دکھانا تھا۔
صیہونی جارحیت کے بعد یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے واضح کیا ہے کہ اس جارحیت کا جواب صیہونیوں کے لیے یقینی طور پر ، بہت بڑا اور تکلیف دہ ہوگا۔