خرطوم، 06 اگست (یو این آئی) سوڈان کی کئی ریاستوں میں حالیہ طوفانی بارش اور سیلاب کی وجہ سے کم از کم 32 افراد ہلاک اور 107 زخمی ہوگئے۔ سوڈان کی وزارت صحت نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
وزارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ ایمرجنسیز کے ڈائریکٹر الفادل محمد محمود نے ایک بیان میں کہا کہ بارش اور سیلاب نے سات ریاستوں کو متاثر کیا اور 5,575 مکانات کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے اسہال کے بہت سے کیسز سامنے آئے، جن میں کسلا ریاست میں 102، خرطوم ریاست میں چار اور جزیرہ ریاست میں 16 معاملےشامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں صحت کی صورتحال مستحکم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وزارت برسات کے موسم کی وبا سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کو اپنانے کے بارے میں فکر مند ہے۔
شہریوں کو محتاط رہنے اور موسمی ندی کے کناروں سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔