کیتھولک رہنما نے غزہ کی پٹی میں تنازعات میں اضافے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس خطے میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق، دنیا میں کیتھولکوں کے پیشوا پوپ فرانسس نے دنیا کے مختلف تنازعات منجملہ یوکرین، مغربی ایشیا ، سوڈان اور میانمار سمیت مختلف عالمی تنازعات کی طرف اشارہ کیا اور غزہ کی بحرانی صورتحال پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس پٹی میں تشدد کے خاتمے پر زور دیا۔
سات اکتوبر دوہزار تیئیس سے نسل کش اسرائیلی حکومت نے امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی مکمل حمایت سے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں فلسطین کے نہتے اور مظلوم عوام کے خلاف بڑے پیمانے پر قتل عام شروع کر رکھا ہے تاہم اس کے خلاف عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی نے اس جارح حکومت کو مزید گستاخ بنا دیا ہے۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد چالیس ہزار پانچ سو سے زیادہ جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی بانوے ہزار چار سو سے زیادہ ہوگئی ہے۔