فوڈ ڈیلیوری کمپنی زومیٹو نے فنٹیک کمپنی پے ٹی ایم کا تفریحی ٹکٹ کا کاروبار خرید لیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کے درمیان یہ سودا 2048 کروڑ روپے میں ہوا ہے۔ پے ٹی ایم کی پیرنٹ کمپنی One 97 Communications نے بدھ کو ایک ایکسچینج فائلنگ میں اس فیصلے کے بارے میں مطلع کیا ۔
کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اپنی ادائیگی اور مالیاتی خدمات کے کاروبار پر پوری توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہے۔
زومیٹو کے ساتھ اس معاہدے کے اعلان کے بعد پے ٹی ایم کے بانی وجے شیکھر شرما نے شیئر ہولڈرز کو لکھے گئے خط میں کہا کہ’’ اب ہم اپنے بنیادی کاروبار پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے منافع بخش ماڈل بنانے پر توجہ دیں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہم نے پے ٹی ایم کے لیے ایک طویل مدتی منصوبہ تیار کیا ہے۔ ہم نے ماضی قریب میں بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔ اب ہم ان جھٹکوں سے سنبھل چکے ہیں اور آگے بڑھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
پے ٹی ایم کی پیرنٹ کمپنی نے ایکسچینج فائلنگ میں کہا ہے کہ وہ زومیٹو کو اپنے 100 فیصد حصص فروخت کرے گی۔ یہ ڈیل کیش فری اور ڈیٹ فری ماڈل پر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پے ٹی ایم کی انٹرٹینمنٹ یعنی تفریحی ٹکٹ بزنس ٹیم میں کام کرنے والے 280 ملازمین کو بھی زومیٹو میں منتقل کیا جائے گا۔
تاہم، فلم کے ٹکٹ، کھیلوں اور ایونٹس کے ٹکٹ اگلے 12 مہینوں تک پے ٹی ایم ایپ پر دستیاب رہیں گے۔