لکھنؤ: مڑیائوں پولیس نے بدھ کو ای رکشہ چوری کرنے والے گروہ کے دولوگوں کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے پانچ ای رکشے برآمد ہوئے ہیں۔وہیں ٹھاکر گنج پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کر کے ایک ای رکشہ برآمد کر لیا۔
ڈی جی پی نارتھ ابھیجیت آر شنکر کے مطابق انسپکٹر انچارج مڑیائوں شیوانند مشرا کی قیادت میں پولیس ٹیم تاڑی خانہ کے قریب مشکوک افراد کی جانچ میں مصروف تھی۔
اسی دوران مخبر سے اطلاع ملی کہ دو افراد چوری شدہ ای رکشہ کے ساتھ ای رکشہ میں بیٹھے ہوئے ہیں اور اسے مڑیائوں کے نیچے کچی بستی کے قریب فروخت کیلئے کہیں لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر جلدی کی جائے تو پکڑے جا سکتے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر محاصرہ کر کے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار افراد نے اپنا نام ستیش، ساکن کملا پور ضلع، سیتا پور حالیہ پتہ مڑیائوں گاؤں، تھانہ جانکی پورم بتایا اور دوسرے شخص نے اپنا نام سبھاش، ساکن لہرپور ضلع، سیتا پورحالیہ پتہ 60 فیٹا روڈ نشی اسپتال کے قریب جھونپڑی جانکی پورم بتایا۔ گرفتار افراد سے سختی سے پوچھ گچھ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ہم نے مڑیائوں پل سے 100 میٹر کے فاصلے پر چار چوری شدہ ای رکشے اندھیرے میں کھڑے کئے تھے۔
ملزمان کے کہنے پر پانچ مسروقہ ای رکشے، چھ ای رکشہ کی بیٹریاں اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ انسپکٹر مڑیائوں شیوانند مشرا نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ ای رکشہ ایک سنسان جگہ پر کھڑا ہے۔ وہ کچھ دیر اس کے پاس کھڑا رہا۔ اس کے بعد وہ ای رکشہ لے کر فرارہو جاتا ہے۔