رانچی، 30 اگست (یواین آئی) جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سینئر لیڈر اور گھاٹشیلا کے ایم ایل اے رام داس سورین نے آج یہاں ریاستی حکومت میں کابینہ وزیر کے طور پر حلف لیا۔
گورنر سنتوش گنگوار نے رام داس سورین کو بطور وزیر عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ چمپائی سورین کی جگہ رام داس سورین کو جھارکھنڈ حکومت کا وزیر بنایا گیا ہے۔
راج بھون میں یہاں منعقدہ تقریب میں جھارکھنڈ حکومت کے وزراء کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی اتحادی کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کے لیڈروں نے بھی شرکت کی۔
جھارکھنڈ کے چیف سکریٹری ایل کھیانگٹے نے رام داس سورین کو وزیر مقرر کرنے کا خط پڑھ کر سنایا، جس کے بعد گورنر نے رام داس سورین کو کابینہ وزیر کے طور پر حلف دلایا۔
قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ اور محکمہ آبی وسائل اور تکنیکی تعلیم کے محکمے کے وزیر چمپائی سورین نے 29 اگست کو وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور گورنر نے ان کا استعفیٰ قبول کر لیا تھا۔
جھارکھنڈ حکومت کی جانب سے اس کا نوٹیفکیشن رات میں ہی جاری کر دیا گیا۔