لندن ۔کینیا کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ولسن کپسانگ نے مینس لندن میراتھن جیت لیا ہے ۔ انہوں نے غیر سرکاری ریکارڈ کے مطابق دو گھنٹے چار منٹ اور ۲۷ منٹ کا وقت لے کر یہ دوڑ جیتی ہے ۔ ان کے ساتھی کینیائی اتھیلیٹ اسٹانلے بیواٹ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ایتھوپیا کے سیگائے کیبیڈے تیسرے نمبر پر رہے ۔ کیبیڈے نے گذشتہ سال یہ دوڑ جیتی تھی ۔ ایتھوپیا کے آئیلے ابشیرو نے چوتھا مقام حاصل کیا ہے ۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مو فارح جو اولمپک چمپئن اور۵۰۰۰ اور۱۰۰۰۰ میٹر کی دوڑ میں عالمی چمپئن ہیں اس دوڑ میں آٹھویں نمبر پر رہے ۔ انہوں نے مقابلہ کے بعد کہا کہ وہ اس دوڑ میں واپسی کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح آٹھویں مقام پر رہنا نہیں چاہتے ۔ انہوں نے اپنی جانب سے تمام کوشش کی تھی لیکن انہیں مایوسی ہوئی ہے ۔ وہ وہاں تک نہیں پہونچ سکے جہاں تک شائقین کو امید تھی ۔ انہوں نے مستقبل کے تعلق سے فوری کوئی فیصلہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ ایسا کچھ کہنا مشکل ہوگا ۔ وہ مایوس ہیں لیکن بعض مرتبہ حالات آپ کیلئے سازگار نہیں رہتے ۔ آپ کو اس کو قبول کرنا ہوتا ہے ۔ سیکھنا ہوتا ہے ۔ زندگی آگے بڑھتی ہے ۔ واضح رہے کہ دوسری بار لندن میراتھن جیتنے والے ولسن کپسانگ نے آخری دو منٹ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے حریف اور پیرس میراتھن کے فاتح کو ۲۶ سکینڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
ولسن کپسانگ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’میں نے رفتار اور دوسرے کھلاڑیوں پر حاصل سبقت کا فائدہ اٹھایا، میں نے دیکھا کہ بیواٹ کافی مضبوط ہیں اور یہ کافی پیچدہ بن رہا تھا۔ میرا ہدف جیتنا اور ایک نیا ریکارڈ قائم کرنا تھا۔‘