نئی دہلی، 5 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے جمعرات کو سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک مبارکبادی پیغام میں، مسٹر مودی نے لکھا ’’یوم اساتذہ پر دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات۔ یہ ان تمام اساتذہ کا شکریہ ادا کرنے کا موقع ہے جو نوجوان ذہنوں کی تشکیل کرتے ہیں۔ ڈاکٹر رادھا کرشنن کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت۔‘‘
اس کے ساتھ ہی، مسٹر پردھان نے ایکس پر لکھا ’’ملک کے نوجوانوں کی رہنمائی کرنے والے اور ان کی لاعلمی کو دور کرنے والے تمام اساتذہ کو ٹیچر ڈے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور ممتاز ماہر تعلیم، سابق صدر جمہوریہ ’بھارت رتن‘ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کو اس کی سالگرہ پر احترام کے ساتھ نمن۔ اساتذہ صرف کتابی علم ہی نہیں بلکہ زندگی کے حقیقی معنی سے آشنا کر کے اپنے بے پناہ علم سے ہماری زندگیوں کو بامعنی سمت فراہم کرتے ہیں۔
آئیے، یوم اساتذہ کے موقع پر، اپنے اساتذہ کی عزت کرتے ہوئے، ہم سب ان کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کا عزم کریں۔‘‘
انہوں نے ایک اور پوسٹ میں لکھا “ان اساتذہ کا احترام جو ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کر رہے ہیں! صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو جی آج یوم اساتذہ کے موقع پر ’قومی ٹیچر ایوارڈ 2024‘ سے ایک مضبوط سماج اور مضبوط ملک کی بنیاد رکھنے والے اساتذہ کو اعزاز سے نوازیں گی۔ نیشنل ٹیچر ایوارڈز اساتذہ کی قربانی، استقامت اور بے مثال خدمات کا جشن ہے۔ ‘‘