لکھنؤ۔(نامہ نگار)ہندوستانی اقتصادیات کو جعلی نوٹوں کے کاروبار سے نقصان پہنچانے والے مالدہ کے ایجنڈ سونو یادو کے بارے میں پولیس کو اہم سراغ حاصل ہوئے ہیں۔ سونو یادو کااصلی نام کچھ اور ہے اوروہ سونو کے نام سے ہی اس کاروبار کو کرتا ہے ۔سونو کی تلاش میں مغربی بنگال پولیس کے علاوہ دیگر ایجنسیاں بھی کام کررہی ہیں۔ ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ مہا نگر پولیس نے جعلی نوٹوں کے کاروباری بجرنگی کو سب سے پہلے ۸؍اپریل کو ڈھائی لاکھ روپئے کے جعلی نوٹوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد پنجاب پولیس نے لودھیانا سے راجو یادو نام کے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ دوسری جانب پولیس نے بجرنگی کو تحویل میں لے کر جب پوچھ گچھ کی تو اس نے مبینہ طور پر کانگریس پارٹی لیڈر دنیش سنگ کا نام پولیس کو بتایا ۔ اس کے بعد پولیس اور کرائم برانچ نے دنیش سنگھ کو گرفتار کرلیا۔ بجرنگی نے بتایا کہ مغربی بنگال کے مالدہ کا باشندہ سونو یادو گروہ کا سرغنہ ہے
پولیس کا خیال ہے اس کے تعلقات غیر ملکوں میں رہنے والے جعلی نوٹوں کے کاروباریوں سے براہ راست ہیں۔ جعلی نوٹوں کو غیر ملکوں سے جعلی نوٹ سونو کے پاس پہنچائے جاتے ہیں اس کے بعد سونو ملک میں اپنے دیگر ذرائع سے جعلی نوٹ سپلائی کرتا ہے۔ سونو کا اصلی نام کیا ہے پولیس کیلئے یہ اہم مسئلہ ہے۔ ایس ایس پی کا خیال ہے کہ کیرئر نے جعلی نوٹ کے کاروبار کیلئے مخصوص نام سونو رکھا ہوا ہے۔ جبکہ اس کا اصل نام اور پتہ کچھ اور ہے راجدھانی پولیس نے سونو کے بارے میں معلومات مغربی بنگال پولیس اور ملک کے دیگر انجنسیوں کو دے دی ہے اب پولیس کے علاوہ ملک کی دیگر ایجنسیاں سونو کوگرفتار کرنے کیلئے کوشاںہیں۔ ایس ایس پی نے سونو کی گرفتاری کیلئے مغربی بنگال کے اعلیٰ پولیس افسران سے گفتگو کی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ جلد ہی سونو کے بارے میں اطلاع مل جائے گی۔ پولیس کا خیال ہے کہ مالدہ میں موجود سونو کو اگر گرفتار کرلیا گیا تو جعلی نوٹوں کے کاروبار کا انکشاف ہوسکتا ہے۔