نئی دہلی۔ 15 اپریل (یو این آئی) ہائی کورٹ نے ہتک عزت کے ایک معاملے میں دہلی کے سابق وزیراعلی اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے لیڈر اروند کیجریوال کے خلاف ذیلی عدالت میں دائر مقدمے کی سماعت پر روک لگانے سے آج انکار کردیا۔جسٹس ایچ ایل دتو اور جسٹس ایس اے بوبڑے پر مشتمل ڈویزن بنچ نے ذیلی عدالت میں مسٹر کیجریوال، منیش سسودیا ، پرشانت بھوشن اور شاذیہ علمی کے خلاف وزیر مواصلات کپِل سبل کے بیٹے امت سبل کے ذریعہ دائر ہتک عزت معاملے کی سماعت پر روک لگا نے سے منع کردیا۔حالانکہ عدالت نے مسٹر کیجریوال اور دیگر کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے میں الزامات سے بری کرنے سے متعلق ان کی عرضی تیز فتار سماعت کرے گی اور اس جانب ایک قدم بڑھاتے ہوئے معاملے کی سماعت کی تاریخ 22 اپریل مقرر بھی کردی۔اس سے قبل آپ کے لیڈروں کی جانب سے مسٹر جینت بھوشن نے دلیل پیش کی کہ عرضی گزار کی اپیل پر اعلی عدالت میں سماعت مکمل ہونے تک ذیلی عدالت میں ہتک عزت معاملے کی سماعت پر روک لگا دی جانی چاہئے لیکن عدالت نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈروِں نے ذیلی عدالت میں ہتک عزت معاملے کو رد کرنے کی دہلی ہائی کورٹ سے گزارش کی تھی لیکن گزشتہ 16 جنوری کو اس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تھا۔