لکھنؤ: ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت میں ریاست میں امن و امان کی صورتحال تباہ ہو گئی ہے۔
راجدھانی لکھنؤ سمیت پوری ریاست میں قتل، لوٹ ور عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ امن و امان کے حوالے سے حکومت کے تمام دعوے جھوٹےثابت ہوئے ہیں۔ مجرموں کو قانون کا کوئی خوف نہیں ریاست کے ہر ضلع میں مجرمانہ واقعات ہو رہے ہیں۔
اکھلیش نے کہا کہ امن و قانون کو بہتر بنانے اور خواتین کے خلاف جرائم کو روکنے کے بجائے، بی جے پی حکومت سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور انہیں بدنام کرنے کی سازش رچ رہی ہے۔ جب حکومت عوام کو انصاف فراہم کرنے کے بجائے پولیس کو استعمال کرکے عوام کے ساتھ ناانصافی اور سازشیں کرے تو امن و امان کیسے بہتر ہوگا؟
یہاں جاری بیان میں اکھلیش یادو نے کہا کہ امن و امان پر حکومت کا زیرو ٹالرینس کا دعویٰ صفر ہو گیا ہے۔ ریاست میں ہر ہفتے جرائم کے سیکڑوں واقعات ہو رہے ہیں۔
راجدھانی میں سبکدوش آئی اے ایس افسر کو لوٹ لیا گیا۔ لکھنؤ میں ہی ایک ڈلیوری بوائے کو لوٹ کر قتل کر دیا گیا۔ حال ہی میں لکھنؤ میں ہی ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل کر دیا گیا تھا۔ گجرولا میں دوشنبہ کو ایک پراپرٹی ڈیلر کا قتل کر دیا گیا۔ اس طرح کے کئی واقعات ریاست میں ہو رہے ہیں۔
مسٹر یادو نے کہا کہ اس حکومت میں حقیقی مجرموں کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے خواتین کی اجتماعی عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خواتین کے خلاف جرائم کے معاملے میں اتر پردیش ملک میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
یہ بہت شرمناک ہے. وزیر اعلیٰ سے لے کر دیگر سرکاری افسران اس کو روکنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام کرنے کے بجائے صرف کاغذی بیانات اور اجلاس کے ذریعے روکنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔
بی جے پی رہنماؤں اور عوامی نمائندے خود پریشان ہیں اور قانون اور انتظامات کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بڑھتی ہوئی بدعنوانی کے بارے میں آواز اٹھانے پر مجبور ہیں۔ آگرہ کے ایک بی جے پی ممبر اسمبلی کی طرف سے پولیس پر مختلف الزامات لگا کر لکھا گیا خط عام ہے۔
سچ یہ ہے کہ بی جے پی حکومت طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ پولیس کو سیاسی مخالفین اور غریبوں کو ڈرانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ بے گناہ لوگوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کرپریشان اور ذلیل کیا جاتا ہے اور جرائم میں ملوث مجرم واردات کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔
اکھلیش نے کہا کہ اتر پردیش میں بی جے پی حکومت کے ذریعہ بنائے گئے انارکی اور جنگل راج سے پریشان عوام کو آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے ہٹا کر ہی راحت ملے گی۔