نئی دہلی، 10 اکتوبر (یو این آئی) صنعت و تجارت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک سچا قوم پرست بتایا ہے۔ مسٹر گوئل نے آج دارالحکومت میں طے شدہ اپنے تمام سرکاری پروگراموں کو ملتوی کر دیا ہے۔ مسٹر ٹاٹا کا کل رات ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پر اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر گوئل نے کہا ’’ ایک انسان دوست، ایک سچے قوم پرست اور ایک دور اندیش صنعت کار میں رتن ٹاٹا جی کے انتقال سے میں کافی غمزدہ ہوں۔ ٹاٹا نے ٹاٹا گروپ کے چیئرمین کے طور پر طویل عرصے تک کام کئے اور اپنی غیر معمولی کامیابیوں کے ذریعے ہندوستان کو بڑا اعزاز بخشا۔
مسٹر گوئل نے کہا کہ مسٹر ٹاٹا کی مضبوط اور انسان دوست قیادت ٹاٹا گروپ کے لیے قابل ذکر کامیابی کا باعث بنی ہے، جس نے ٹاٹا گروپ کی عالمی توسیع میں مدد کی ہے اور عالمی سطح پر ہمارے ملک کی موجودگی کو نمایاں طور پر مضبوط کیا ہے۔