بیروت، 10 اکتوبر (یو این آئی) اسرائیل نے جنوبی لبنان میں وردانیہ بستی میں ایک عارضی پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملہ کیا جس میں 6 افراد ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع ریسکیو سروس کے ایک ملازم نے اسپوتنک کو دی۔
ایک امدادی کارکن نے بدھ کو بتایا کہ ’’اس وقت اس کیمپ پر اسرائیلی حملے کے بعد، ہم چھ لاشیں اور 15 زخمیوں کو نکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جن میں سے کئی کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔‘‘
اسپوتنک نے کہا کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں کئی درجن افراد شامل ہیں اور یہ کہ جس اسکول کی عمارت میں پناہ گزین رہتے تھے، اسے بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے اسرائیل فضائی حملے جاری رکھتے ہوئے جنوبی لبنان میں حزب اللہ فورسز کے خلاف زمینی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ نقصانات کے باوجود،
حزب اللہ زمین پر اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کر رہا ہے اور سرحد پار سے راکٹ فائر کر رہا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کا بنیادی مقصد گولہ باری کی وجہ سے شمال کی جانب گئے 60,000 رہائشیوں کی واپسی کے لیے حالات پیدا کرنا ہے ۔