عراقی وزیراعظم نے امریکی ایوان نمائندگان کے رکن اور بغداد میں امریکی سفیر سے ملاقات میں کہا ہے کہ اسرائیلی میڈیا میں آيت اللہ العظمی سیستانی کی اہانت تمام مسلمانوں کے جذبات کی توہین ہے۔
عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے جمعرات کو امریکی ایوان نمائندگان میں مسلح افواج کی کمیٹی کے سابق رکن اور ممبرپارلیمنٹ سیتھ مولٹن اور بغداد میں امریکی سفیر والینا رومانسوسکی سے ملاقات میں زور دے کر کہا کہ صیہونی حکومت عام شہریوں کا قتل عام کرنے اور غزہ و لبنان کے بنیادی ڈھانچوں کو تباہ و برباد کرنے کے ساتھ ہی مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی جیسی بزرگ شخصیات کی توہین کر کے دنیا کے تمام مسلمانوں کے جذبات کی اہانت کی ہے اور اپنی حد پار کر لی ہے۔
شیاع السودانی نے اس ملاقات میں بڑے ممالک اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ و لبنان میں جاری مسلسل جارحیتوں کو رکوائيں ۔
عراقی وزیراعظم نے کہا کہ صیہونی حکومت کو منصوبہ بند تباہی مچانے اور قتل عام سے دست بردار ہو جانا چاہئے اور ایسی جنگ روک دینا چاہئے جس سے علاقائی و عالمی امن سیکورٹی کو خطرہ لاحق ہے۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل چودہ نے منگل کو ایک ویڈيو جاری کیا ہے جس میں آيت اللہ العظمی سید علی سیستانی کو ان افراد کی فہرست میں رکھا ہے جنھیں قتل کرنے کا غاصب صیہونی حکومت نے منصوبہ بنا رکھا ہے۔
عراق کے اکثر سرکاری و غیرسرکاری اداروں نے صیہونی میڈیا میں آيت اللہ العظمی سید علی سیستانی کی تصویر شائع کرنے کی مذمت کی ہے۔