بارہ بنکی : ۔تھانہ رام نگر کی مشترکہ پولیس ٹیم کے ذریعہ ڈیجیٹل ڈاٹا ومینول انٹلیجنس کی بنیاد پر ایک بین اضلاع شاطر آٹو لفٹر شمس الدین عرف عبدل ولد محمد یوسف ساکن رسول پورمزرعہ کسہری تھانہ مئوی ضلع اجودھیا کو ظفر پور موڑ کے پاس سے گرفتار کیاگیا، ملزم کے قبضہ سے چوری کی ۸عددموٹرسائیکلیں وایک عدد پک اپ برآمد کی گئی۔
ملزم سے پوچھ گچھ میں معلوم ہواکہ گرفتار ملزم اپنے دو دیگر ساتھیوں شمشاد، ارشادولد ابراہیم ساکن للتانگر درلبھ آشرم تھانہ کوتوالی سٹی ضلع لکھیم پور کھیری کے ساتھ ضلع بارہ بنکی ،لکھیم پور، سیتاپور،اجودھیا و آس پاس کے اضلاع کے مختلف تھانہ علاقوں میں بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے موٹرسائیکلیں چوری کرتے ہیں اور چوری کی موٹرسائیکلوں کا نمبر بدل کر جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال کرتے ہیں اور چیچس نمبر؍انجن نمبر کو مٹاکر سستی قیمت پر فروخت کردیتے ہیں۔
برآمد چوری کی پک اپ بغیر نمبر پلیٹ کےاستعمال کی جارہی تھی جس کا اصل نمبر یوپی ۴۱؍اے ٹی ۴۳۸۸ہے،جو تھانہ کوتوالی سٹی علاقہ سے چوری کی گئی تھی۔ جس کے بارے میں تھانہ کوتوالی سٹی بارہ بنکی پر مقدمہ درج ہے۔موٹرسائیکل یوپی ۴۱؍ اے ایچ ۶۰۹۵تھانہ رام نگر علاقہ کے رانی گنج درگاپنڈال سے چوری کی گئی تھی،جس کے بارے میں تھانہ رام نگر پر مقدمہ بی این ایس قائم ہے۔باقی دیگر برآمد موٹرسائیکلیں مختلف اضلاع؍تھانوں سے چوری کی گئی ہیں، جس بارے میں معلومات اکٹھا کی جارہی ہے۔ برآمد موٹرسائیکلوں کی بنیاد پر مقدمہ بی این ایس درج کیاگیا ،فرار ملزمین شمشاد وارشاد ولد ابراہیم ساکن للتا نگر درلبھ آشرم تھانہ کوتوالی سٹی ضلع لکھیم پور کھیری کی گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے۔امید ہے کہ مذکورہ ملزمین جلد پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔