میرٹھ۔ : ۔شعبۂ اردو، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ کی ایوارڈ کمیٹی نے ہر سال شعبے کی طرف سے دیے جانے والے سرسید قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز کا اعلان کردیاہے۔شعبۂ اردو ، چودھری چرن سنگھ یو نیورسٹی، میرٹھ اپنے قیام ہی سے جشن سر سید کا اہتمام کرتی رہی ہے۔
واضح ہو کہ ہر سال شعبۂ اردوسر سید ایجوکیشنل سوسائٹی، میرٹھ کے اشتراک سے محسن قوم، عظیم تعلیمی رہنما سر سید احمد خاں کی یوم پیدا ئش پر جشن سر سید تقریبات کا نہایت تزک و احتشام کے ساتھ انعقاد کرتی ہے۔
اس سلسلے میں سر سید لیکچر سیریز، سر سید کوئز،سرسید تقریری و تحریری مقابلے، سیمینار،بیت بازی اور غزل سرائی وغیرہ کا اہتمام ہو تا ہے۔ ساتھ ہی سر سید کے مشن کو عام کرنے اور تعلیم کے فروغ میں تعاون دینے وا لے افراد ،اداروں کو ہر سال سر سیدبین الاقوامی اور سر سیدقو می ایوارڈ سے بھی سر فراز کیا جاتا ہے۔
اس بار یہ ایوارڈ انقلاب گروپ کو سر سید بین الا قوامی ایوارڈ برائے مجمو عی خدمات[جسے ایم ودود ساجد، مدیرروزنامہ انقلاب وصول کریں گے]،سرسید قومی ایوارڈ[برائے ادبی خدمات] پروفیسر خواجہ اکرام الدین [سابق ڈائریکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،دہلی اور وی کمٹ سو سائٹی،میرٹھ سرسید قومی ایوارڈ برائے سماجی خدمات [جسے رما نہروبانی و چیئر پرسن وی کمٹ سوسائٹی، میرٹھ وصول کریں گی۔
اور یہ ایوارڈزجشن سر سید تقریبات کے اختتامی اجلاس19؍ اکتوبر2024ء کو شام 4:00؍بجے شعبۂ اردو کے پریم چند سیمینار ہال میںپیش کیے جائیں گے۔جشن سر سید تقریبات کا افتتاحی اجلاس17؍ اکتوبر 2024ء بروز جمعرات شام تین بجے سے شعبۂ اردو میں منعقد ہو گا۔تحریری مقابلہ بعنوان ’’سرسید کا تعلیمی مشن‘‘ 18؍ اکتوبر 2024ء، بروز جمعہ صبح10:00بجے سے11:00؍ بجے تک منعقد ہوگا۔
اسی روز11:00؍ بجے سےڈیڑھ بجے تک سیمینار بعنوان’’ ہندوستان کی تعمیر نو میں سرسید کا کردار‘‘ کا پہلا اجلاس جبکہ 2:30؍ بجے سے 5:00؍ تک سیمینار کا دوسرا اجلاس منعقد ہو گا۔
تقریری مقابلہ 19؍ اکتوبر کو بعنوان’’ سر سید اور علی گڑھ تحریک‘‘ صبح دس بجے سے بارہ بجے تک اور مقابلہ بیت بازی دو پہر دو بجے سے چار بجے تک منعقد ہو گا۔یہ اطلاع شعبۂ اردو کے پروفیسر اسلم جمشید پوری اور سر سید ایجو کیشنل سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ہاشم رضا زیدی نے دی۔