دہلی اور پورے این سی آر میں آلودگی بڑھتی جا رہی ہے اور حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) خطرے کے نشان کو عبور کر چکا ہے۔
خاص طور پر نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد اور دہلی کے کئی علاقوں میں اے کیو آئی 300 سے زیادہ ہو چکا ہے، جو ایک سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی حکومت نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔
اس اجلاس کی صدارت دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی کریں گی اور تمام محکموں کے افسران اور وزراء اس میں شریک ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی پورے این سی آر میں گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی یا گریپ) کا پہلا مرحلہ نافذ کر دیا گیا ہے، جو آج صبح 8 بجے سے مؤثر ہو گیا ہے۔
دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے پہلے ہی ’ونٹر ایکشن پلان‘ جاری کر چکے ہیں، جس کے تحت ان کی وزارت آلودگی اور دھول کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر کام کر رہی ہے۔ اس اجلاس میں گوپال رائے بھی شریک ہوں گے۔ دہلی حکومت نے بڑھتی آلودگی کے پیش نظر یکم جنوری تک آتشبازی اور پٹاخوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔