کانپور : کانپور سی سیسہ مئو اسمبلی نشست پر ضمنی الیکشن کیلئے جمعہ کو سماجوادی پارٹی سے امیدوار نسیم سولنکی نے پہلی بار عوامی جلسہ کیا۔ نسیم سولنکی مہاراج گنج جیل میں بند سابق رکن اسمبلی عرفان سولنکی کی بیوی ہیں۔ سیسہ مئو اسمبلی سیٹ سے سماجوادی پارٹی نے انہیں میدان میں اتارا ہے جبکہ بی جے پی نے ابھی سیسہ مئو اسمبلی نشست سے کسی بھی امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔
جمعہ کو سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر شیام لال پال کانپور پہنچے۔ سیسہ مئو اسمبلی حلقہ کے بھنانا پوروا میں پی ڈی اے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران کثیر تعداد میں سماجوادی پارٹی کے کارکن موجود رہے۔ کارکنوں میں تصویر کھنچوانے کو لے کر کافی دلچسپی رہی۔ اس دوران آریہ نگر سے سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی امیتابھ باجپئی، کینٹ اسمبلی حلقہ سے سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی محمد حسن رومی، سابق رکن پارلیمنٹ راجہ رام پال، اٹاوہ کے رکن پارلیمنٹ جتیندر دوہرے وغیرہ لوگ موجود رہے۔ سماجوادی پارٹی کے آریہ نگر کے رکن اسمبلی امیتابھ باجپئی نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں کو دھمکا رہی ہے۔ہمارے کارکنوں کا مارل ٹوٹا نہیں ہے۔ ہم سیسہ مئو ضمنی الیکشن اچھے خاصے ووٹوں سے جیت کر سابق رکن اسمبلی عرفان سولنکی کی اہلیہ نسیم سولنکی کو اسمبلی میں پہنچانے کا کام کریں گے۔ سماجوادی پارٹی کا ہر ایک کارکن ابھی سے الیکشن کے میدان میں ڈٹ چکا ہے