گورکھپور (نامہ نگار)شادی شدہ خاتون نے اپنی ساس کا گلا دبا کر اسے قتل کردیا۔خاتون کے شوہرنے واردات کی اطلاع پولس کو دی۔ موقع پر پہنچ کر پولس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا جبکہ شادی شدہ خاتون گھر چھوڑ کر فرار ہوگئی۔موصولہ خبر کے مطابق چوری گاؤں کے پپرہیا ٹولہ کے پرمیش کا اپنی بیوی سے تنازعہ چل رہاتھا۔تقریباً دس برسوں سے دونوں گاؤں
میں ہی الگ الگ رہتے تھے۔
پرمیش اپنی ضعیف ماں گجراتی دیوی کے ساتھ رہتا تھا۔اس کے والد رام دیہل کی موت ہوچکی ہے۔ زمین پر مالکانہ حق کے سلسلہ میں بہو تیجا اور گجراتی دیوی کے درمیان اکثر جھگڑا ہوتا تھا۔آج صبح پرمیش کھیت میں کام کرنے کے لئے چلا گیا اسی بات کو لیکر ساس اور بہو میں جھگڑا ہوگیا۔ الزام ہے کہ آج صبح تیجا نے اپنی ساس گجراتی دیوی کے گھر میں داخل ہوکر اس کو ماراپیٹا۔ضعیف ساس گجراتی دیوی کے بیہوش ہوجانے کے بعد تیجا جھوپڑی کا دروازہ باہر سے بند کرکے فرار ہوگئی۔گاؤں کے لوگوں نے اس واقعہ کی اطلاع پرمیش کودی۔پرمیش جب گھر پہنچا تو اس وقت تک گجراتی دیوی کی موت ہوچکی تھی۔پرمیش نے اس معاملے کی اطلاع پولس کو دی۔موقع پر پہنچ کر پولس نے گجراتی دیوی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ پرمیش نے بیوی کے خلاف اپنی ماں گجراتی دیوی کا گلا دبا کر قتل کرنے کی تحریر تھانہ میں دی۔ سی او چوری چورا وجے شنکر تیواری نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔