امریکی صدارتی انتخابات پر ڈونلڈ ٹرمپ کو کمیلا ہیرس پر برتری حاصل ہے جبکہ سینیٹ میں بھی ریپبلیکن امیدوار آگے ہیں۔مہر خبررساں ایجنسی نے امریکی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں اب تک کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ریپبلیکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹ کمیلا ہیرس پر برتری حاصل ہے۔
آخری نتائج کے مطابق ٹرمپ کو 214 الیکٹوریل ووٹ جبکہ کمیلا ہیرس کو 179 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق سات ریاستوں میں دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوسکتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پنسلوانیا میں برتری حاصل ہونے کی صورت میں ان کی جیت یقینی ہے۔
نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو 280 اور کمیلا ہیرس کو 258 الیکٹوریل ووٹ مل سکتے ہیں۔
اب تک کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو ساوتھ ڈکوٹا، نارتھ ڈکوٹا، وایمنگ، ویسٹ ورجینیا، ٹیکساس، ساوتھ کیرولینا، الباما، اوکلاہاما، فلوریڈا اور آرکنساس میں کامیابی ملی ہے۔
کمیلا ہیرس کینٹکٹ، نیوجرسی، میساچوسٹس، ورمونٹ، ایلوینز اور ڈیلوئیر میں کامیاب ہوئی ہیں۔
ریپبلیکن امیدواروں کو سینیٹ میں بھی برتری حاصل ہورہی ہے۔