لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ خود کو اغوا کا ڈرامہ کر کے اہل خانہ سے دس لاکھ روپئے کے زریرغمال کا مطالبہ کرنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ نوجوان مسلسل دو مرتبہ سے بارہویں جماعت میں فیل ہو رہا تھا۔ اس بات پر اس کے چچااور چچی نے نوجوان کی سرزنش کی تھی۔ گاؤں کنکھوریا ضلع کشی نگر کا باشندہ کرونیش شکلا (۱۸) چنہٹ کے سیمرا گاؤں میں اپنے چچانریندر شکلا کے گھر پر رہتا ہے۔ وہ انٹر میڈیٹ کا طالب علم ہے۔ کرونیش گزشتہ دو برسوں سے بارہویں جماعت میں فیل ہو رہا تھا۔ اس کی وجہ سے اس کے چچا اور چچی کرونیش کی سرزنش کرتے رہتے تھے۔ اس سے ناراض ہوکر اور انہیں سبق سکھانے کیلئے اس نے ایک پلان بنایا۔ دو شنبہ کو کرونیش کشی نگر جانے کیلئے گھر سے روانہ ہوا۔ منگل کی صبح کرونیش نے اپنے چچا کو اغوا ہونے کی غلط اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اغوا کرنے والے دس لاکھ روپئے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کرونیش کے چچا نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس نے موبائل کو سرولانس پر لگایااور کرونیش کی لوکیشن چنہٹ کے قریب پائی۔ معاملہ کی جانچ کرنے والے انسپکٹر مٹیاری پہنچے تو کرونیش دکان کے پاس بیٹھا ہوا تھا۔ سختی سے پوچھ گچھ کرنے کے دوران اس نے پولیس کو حقیقت بیان کردی۔