بحری جہاز رفتہ رفتہ ڈوب رہا ہے اور امدادی ٹیمیں اس پر سوار افراد کو بچانے میں لگی ہیں
جنوبی کوریا میں کوسٹ گارڈ حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی ساحل کے قریب ایک مسافر بردار بحری جہاز ڈوب رہا ہے جس میں 476 افراد سوار ہیں۔
حکام کے مطابق دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔
اسی بارے میں
جنوبی سوڈان میں کشتی کا حادثہ، 200 افراد ڈوب گئے
جنوبی کوریا: عمارت کی چھت گرنے سے نو ہلاک
اٹلی: تارکین وطن کی ایک اور کشتی غرقاب، 34 ہلاک
حکام کا کہنا ہے کہ کئی گھنٹوں سے جاری ریسکیو آپریشن کے باوجودکم از کم 290 افراد لاپتہ ہیں۔ اس ریسکیو آپریشن میں 34 بحری فوج، کوسٹ گارڈز اور سویلین جہاز اور 18 ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ اس بحری جہاز پر سوار مسافروں میں زیادہ تر سیکنڈری سکول کے طلبہ ہیں۔
کوسٹ گارڈ فورسز کے ترجمان نے خبر رساں ادارے ایف پی کو فون پر بتایا کہ ’جہاز میں پانی بھر رہا ہے اور وہ ڈوب رہا ہے۔‘
جنوبی کوریا کے ٹی وی نیوز چینل وائی ٹی این نے ایک مسافر کے حوالے سے بتایا کہ ’ہم نے ایک زور کی ٹکر کی آواز سنی اور جہاز رک گیا۔ جہاز اس قدر ترچھا ہو رہا ہے کہ ہمیں اپنی سیٹ میں رہنے کے لیے کچھ پکڑ کر بیٹھنا پڑا رہا ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق رفتہ رفتہ غرق ہونے والے جہاز نے سمندر میں ساحل سے 20 کلو میٹر دور بيونگپونگ جزائر سے خطرے کا سگنل دیا تھا۔