ریو ڈی جنیرو: وزیر اعظم نریندر مودی اپنے تین ملکوں کے دورے کے دوسرے مرحلے میں پیر کی صبح برازیل کے ریو ڈی جنیرو پہنچ گئے۔ مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا’’جی -20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے برازیل کے ریو ڈی جنیرو پہنچ گیا ہوں ۔
میں سربراہی اجلاس میں ہونے والی بات چیت اور مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کا منتظر ہوں۔‘‘ مسٹر مودی کی آمد پر برازیل میں ہندوستانی برادری کے لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے کہا ’’ریو ڈی جنیرو میں میری آمد پر ہندوستانی برادری کی طرف سے جو گرمجوشی اور متحرک استقبال کیا گیا، اس سے میں بہت متاثر ہوا ہوں۔ ان کی توانائی اس پیار کی عکاسی کرتی ہے جو ہمیں تمام براعظموں میں جوڑتی ہے۔‘‘
ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں نے سنسکرت میں منتروں کے جاپ کے ساتھ مسٹر مودی کا استقبال کیا۔
جی -20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ مسٹر مودی عالمی رہنماؤں سے بھی بات چیت کریں گے۔ اس کانفرنس میں امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ بھی شرکت کر رہے ہیں۔ مسٹر مودی کانفرنس میں مختلف اہم اور عالمی مسائل پر ہندوستان کا موقف پیش کریں گے۔
گزشتہ سال جی -20 سربراہی اجلاس ہندوستان کی صدارت میں دارالحکومت دہلی میں منعقد ہوا تھا۔