ملک آج سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے 107ویں یومِ پیدائش پر یاد کر رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی دہلی کے اندرا گاندھی کی آخری آرام گاہ ’شکتی استھل‘ پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس پارٹی کے کئی دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’نانی ہمت اور محبت دونوں کی مثال تھیں۔ انہی سے میں نے نڈر ہو کر ملک کے مفاد میں کام کرنا سیکھا۔ ان کی یادیں میری طاقت ہیں، جو ہمیشہ مجھے راہ دکھاتی ہیں۔‘‘
اندرا گاندھی کا شمار ہندوستان کے سب سے مضبوط اور غیر متزلزل رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ 19 نومبر 1917 کو پیدا ہوئیں اور 1966 سے 1977 اور 1980 سے 1984 تک ہندوستان کی وزیر اعظم رہیں۔ انہیں ان کے مضبوط فیصلوں اور آہنی عزائم کے سبب ’آئرن لیڈی‘ کے لقب سے نوازا جاتا ہے۔
اندرا گاندھی نے نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی منفرد چھاپ چھوڑی۔ ان کے دور حکومت میں 1971 کی جنگ میں ہندوستان نے پاکستان کو بری طرح شکست دی اور مشرقی پاکستان کو آزاد کرایا، جو بعد میں بنگلہ دیش کے نام سے وجود میں آیا۔ اس جنگ میں پاکستانی فوج کے تقریباً ایک لاکھ فوجیوں نے ہندوستانی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دئے تھے۔
اندرا گاندھی کا نام آج بھی ان کے جرات مندانہ فیصلوں اور ملک کے لیے ان کی خدمات کی وجہ سے عزت و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے۔