نئی دہلی 03 دسمبر ( یو این آئی ) مرکزی وزیر برائے کیمیکل و کھاد جے۔ پی ۔ نڈا نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ پی ایم پرنام اسکیم کا مقصد غیر نامیاتی کھادوں کے استعمال کو ختم کرنا نہیں ہے، بلکہ نامیاتی اور غیر نامیاتی کھادوں کو ملا کر پیداوار بڑھانا ہے۔
وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں مسٹر نڈا نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد غیر نامیاتی کھادوں کے استعمال کو ختم کرنا نہیں ہے۔ یہ اسکیم نامیاتی اور غیر نامیاتی کھادوں کے مرکب کو استعمال کرکے بہتر پیداوار کو فروغ دینے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے اور یہ فائدہ مند بھی رہی ہے۔
یہ اسکیم پچھلے تین برسوں سے چل رہی ہے اور محکمہ اخراجات اس سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کا جائزہ لے رہا ہے اور اس کے بعد اس کے فوائد ریاستوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ اس سکیم سے کیمیائی کھادوں کے استعمال میں کمی آئی ہے، لیکن پیداوار متاثر نہیں ہوئی۔ نامیاتی اور غیر نامیاتی کھادوں کا مرکب آئی سی اے آر کی منظوری کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔ صرف زمین کی جانچ کرانے کے بعد آئی سی اے آر ضرورت اور استعمال کے مطابق مرکب تیار کرتا ہے اور پھر اسے متعلقہ زمین میں استعمال کیا جاتا ہے۔