وارانسی (بھاشا)عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کیجریوال نے آج وارانسی میں انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے گاؤں میںعوامی رابطہ اور نکڑ جلسوں میں لوگوں سے ووٹ مانگے۔کیجریوال نے ’عاپ‘ کے ترجمان سنجے سنگھ اور دیگر لیڈروں کے ساتھ مسلم اکثریتی کوروتا گاؤں کا دورہ کیا۔ یہاں پر زیادہ تر لوگ پیشہ سے بنکر یا کسان ہیں۔اس دوران انہوں نے اپنی پارٹی کے مقاصد اور دہلی میں ۴۹دن تک قائم رہنے والی حکومت کی حصولیابیوں کا ذکر کیا۔انہوں نے لوگوں سے پارلیمانی انتخاب میں ملک سے بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے عام آدمی پارٹی کے انتخابی نشان پر بٹن دبانے کی اپیل کی۔اس کے بعد کیجریوال ایک دیگر مسلم اکثریتی گاؤں کوٹواں پہنچے انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہر بچہ کو بہتر تعلیم مہیا کرانا ہی ملک سے غریبی کو ختم کرنے کا واحد راستہ ہے۔ اگر لوگوں کو صحیح تعلیم ملے تو انہیں ملازمت بھی مل سکتی ہے یا وہ کاروبار کے ذریعہ صنعت قائم کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کو حکومت سازی کا موقع ملا تو کسانوں کی زمین ان کی مرضی کے بغیر تحویل میں نہیں لی جائے گی۔ کیجریوال نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ پارٹی اقتدار میں آگئی تو کسانوں کی زمین اڈانی گروپ کو دے دی جائے گی جیسا کہ نریندر مودی کی حکومت والے گجرات میں کیا گیا ہے وہاں پر کثیر تعداد میں کسان خودکشی کرچکے ہیں۔انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر ان کی پارٹی کی حکومت اقتدار میں آئی تو ایجنڈوں کی دخل اندازی
ختم کرکے کسانوں کوا ن کی پیدوار کی بہتر قیمت دی جائے گی۔