زندگی کی بہت سی مشکلات کو ختم اور اس میں آسانیاں پیدا کرنے میں موبائل فون اہم کردار ادا کرتا ہے، موبائل فون کی مدد سے نہ صرف ہم اپنے رشتے داروں بلکہ بیرون ملک رہنے والوں سے بھی رابطے میں رہتے ہیں، جب کہ یہ معلومات حاصل کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔ تاہم موبائل فون کے استعمال سے لاحق ہونے والے نقصانات پریشان کن ہیں۔
موبائل فون اب انسانی جسم کا ہی ایک حصہ بن چکا ہے جو ہر وقت ہمارے ہاتھوں میں رہتا ہے۔ صبح اٹھنے سے لے کر رات کو سونے سے چند دیر پہلے بھی موبائل فون کا ہی استعمال کیا جا رہا ہوتا ہے۔
صبح آنکھ کھلتے ہی سب سے پہلے ہم اپنے برابر سے موبائل اٹھاتے ہیں اور پانچ سے دس منٹ تک استعمال کرتے ہیں اور ہماری اس عادت پر طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے۔
یہ بات درست ہے کہ موبائل فون سے انسانی زندگی میں بہت سی آسانیاں پیدا ہوئی ہیں مگر اس کے ہر وقت استعمال بھی درست نہیں۔
صبح اٹھنے کے ساتھ ہی موبائل پر موجود مختلف ایپس کے نوٹیفکیشنز انسان میں ذہنی دباؤ پیدا کرتے ہیں۔ کام، سوشل میڈیا اور خبروں کی مسلسل اپڈیٹس پریشر کے ساتھ دن کا آغاز ہی دباؤ سے کرواتی ہیں۔
اسی طرح سوتے وقت اور اٹھنے کے ساتھ موبائل فون سے تعامل نیند کے دورانیے کو بھی بری طرح متاثر کرتا ہے۔ اسکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی کے باعث پرسکون نیند مشکل ہوجاتی ہے۔
اسی طرح طویل عرصے تک روشن اسکرین کو قریب سے دیکھنے کے باعث آنکھوں کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں، انکی وجہ سے الجھن، بے سکونی ، انسان اکتاہٹ کا شکار دن بھر رہتا ہے اور ساتھ ہی بینائی بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
نیند سے بیدار ہوتے ہی موبائل فون کے استعمال سے کاگنیٹیو فنکنشنز متاثر ہوتے ہیں۔ ایسا ہونے سے دماغ کو دن کے مطابق ڈھلنے کے بجائے معلومات کی بوچھاڑ کے باعث غنودگی کی کیفیت رہتی ہے۔
صبح اٹھ کر اپنے کام کرنے کے بجائے موبائل فون دیکھنے کی وجہ سے انسان میں التواء کی عادت میں بری طرح اضافہ ہوجاتا ہے اور اسکے تمام کام ہی تاخیر کا شکار ہونا شروع ہوجاتے ہیں اور پابندی وقت ختم ہوجاتی ہے۔
موبائل فون کا استعمال ضرور کریں مگر صحت سے بڑھ کر کچھ نہیں ، سب سے پہلے اپنی صحت کا خیال رکھیں اور موبائل کا استعمال ضرورت پڑنے پر ہی کریں۔
موبائل فون کب اور کیسے استعمال کیا جائے؟
ان مسائل سے نمٹنے کے لیے ماہرین کا خیال ہے کہ جاگنے سے 30 منٹ سے ایک گھنٹہ بعد موبائل فون استعمال کیا جانا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ چند برسوں کے دوران سونے سے قبل موبائل فون کے استعمال میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اس عادت کی وجہ سے بھی آپ کے سونے کا معمول خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں صحت کے متعدد مسائل کا باعث بھی بنتا ہے۔