ویسے تو واشنگ مشین کا استعمال کپڑے دھونے کے لیے ہوتا ہے۔مگر جاپان میں ایک ایسی انوکھی واشنگ مشین تیار کی گئی ہے جو کپڑوں کی بجائے انسانوں کو دھونے کا کام کرتی ہے۔
جی ہاں واقعی جاپان میں ہیومین واشنگ مشین تیار کی گئی ہے جسے مستقبل کی ڈیوائس قرار دیا گیا ہے۔آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس یہ واشنگ مشین پہلے انسانی جسم کا تجزیہ کرتی ہے پھر اس کے بعد ‘واش اینڈ ڈرائی’ کا عمل شروع کرتی ہے۔
جاپانی کمپنی سائنس کو (Science Co) نے اس عجیب مشین کو تیار کیا ہے اور اس کے مطابق یہ کسی واشنگ مشین کی طرح کام کرکے ایک فرد کو 15 منٹ میں صاف ستھرا کر دیتی ہے۔دیکھنے میں یہ کسی لڑاکا طیارے کے کاک پٹ کی طرح نظر آتی ہے جسے جلد اوساکا کنسائی ایکسپو میں رکھا جائے گا جہاں ایک ہزار افراد اسے استعمال کرنے کا تجربہ کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق ایکسپو کے بعد اس مشین کی بڑے پیمانے پر پروڈکشن شروع کی جائے گی۔جب کوئی فرد اس کے پلاسٹک پوڈ میں داخل ہو جاتا ہے تو اس کا 50 فیصد حصہ گرم پانی سے بھر جاتا ہے۔اس کے بعد تیز رفتاری سے پانی کی دھاریں خارج ہوتی ہیں جن میں چھوٹے ائیر ببلز ہوتے ہیں۔
جب یہ ببلز یا بلبلے پھٹتے ہیں تو ایسا طاقتور دباؤ پیدا کرتے ہیں جس سے جِلد میں موجود گرد و غبار کو ہٹانا ممکن ہو جاتا ہے۔مگر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ہیومین واشنگ مشین صرف جسم کی ہی صفائی نہیں کرتی بلکہ یہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ‘ذہن کو بھی صاف کرتی ہے۔
جب یہ مشین کسی فرد کی صفائی کر رہی ہوتی ہے تو پلاسٹک پوڈ میں موجود کرسی میں نصب الیکٹروڈز اپنی تفصیلات جمع کرکے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ نہانے کا عمل مناسب درجہ حرارت پر ہو۔
اس کے ساتھ ساتھ اے آئی ٹیکنالوجی پرانے ڈیٹا کو مدنظر رکھ کر پلاسٹک پوڈ کے اندر ایک ایسی ویڈیو چلاتی ہے جس سے اعصاب کو سکون پہنچتا ہے۔کمپنی کے مطابق اس سے جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم ہونے کا احساس بڑھتا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ڈیزائن نیا نہیں بلکہ 1970 کا ہے جسے اس زمانے میں جاپان ورلڈ ایکسپو میں ڈسپلے کیا گیا تھا۔
مگر اسے عام افراد کے لیے کبھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔
سائنس کو کی جانب سے ابھی واضح نہیں کیا گیا کہ یہ مشین کب تک عام افراد کو دستیاب ہوگی اور اس کی قیمت کیا رکھی جائے گی۔