صیہونی حکومت نے غزہ جنگ کے چار سو اڑتیسویں دن بھی غزہ پٹی کے مختلف علاقوں کو اپنے جارحانہ حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شہر غزہ میں ایک مکان پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم دس افراد شہید ہو گئے۔
صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں نے شمالی غزہ پٹی کے کمال العدوان اسپتال اور اس اسپتال کے اطراف کے گھروں کو نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مشرقی اور جنوبی شہر غزہ میں بھی رہائشی مکانات پر بمباری کی ہے۔
درایں اثنا تحریک حماس نے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں ميں صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں شہر رفح میں دو اسرائيلی فوجیوں کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کردیا ہے۔ پیر کی شب بھی رفح میں ایک عمارت کے گرنے سے کئی صیہونی فوجی ہلاک اور زحمی ہوگئے تھے۔
نسل کش اسرائیلی حکومت نے سات اکتوبر دوہزار تیئس سے امریکا اور بعض مغربی ممالک کی مدد سے غزہ پٹی اور غرب اردن کے نہتے اور مظلوم عوام کا بڑے پیمانے پر قتل عام شروع کررکھا ہے اور عالمی برادری کی خاموvشی کے سبب فلسطینی خواتین اور بچوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے.
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ طوفان الاقصی کے آغاز سے اب تک پینتالیس ہزار اٹھائیس افراد شہید اور ایک لاکھ چھے ہزار نو سو ترسٹھ افراد زخمی ہوچکے ہيں ۔