جے پور پولیس نے نکی نام کی ایک خاتون کو دہرہ دون سے گرفتار کیا ہے۔ نکی اپنے شوہروں کو جھوٹے اور سنگین الزامات میں پھنسا کر ان سے پیسہ وصول کرتی تھی۔ پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے بعد جے پور کی عدالت میں پیش کیا، جس کے بعد نکی کو 15 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون میٹرومونیل سائٹ پر امیر لوگوں کی تلاش کرتی اور پھر ان سے شادی کرکے سنگین الزام لگا کر پیسے وصول کرتی تھی۔
‘آج تک’ کی خبر کے مطابق جے پور کے مرلی پورہ اسٹیشن کے پولیس آفیسر سنیل کمار جانگڑ نے بتایا کہ سیما عرف نکی اگروال نے آگرہ کے ایک کاروباری، گروگرام کے ایک سافٹ ویئر انجینئر اور جے پور کے ایک زیورات تاجر سے شادی کرنے کے بعد ان کے خلاف سنگین الزامات میں مقدمہ درج کروایا، اس کے بعد سمجھوتہ کے نام پر ان سے بڑی رقم وصول کی۔ پولیس کے مطابق سیما نے آگرہ کے کاروباری سے شادی کرنے کے بعد اس کے خلاف سنگین الزام میں ایف آئی آر درج کرا کر راضی نامے کے طور پر اس سے 75 لاکھ روپے وصول لیے۔
اس کے بعد سیما عرف نکی نے گروگرام کے ایک سافٹ ویئر انجینئر سے شادی کی۔ کچھ دن بعد اس پر بھی الزام لگا کر سمجھوتہ کے نام پر 10 لاکھ روپے وصول کیے۔ پولیس سے ملی اطلاع کے مطابق سیما اگروال اپنے شوہروں پر جہیز اذیت اور غیر فطری تعلقات بنانے کا الزام لگا کر ایف آؑئی آر درج کرواتی تھی۔ اس کے بعد اس نے جے پور کے ایک جوئیلری دکان کے مالک سے شادی کی۔ جھوٹواڑا رہائشی اس شخص نے مرلی پورہ تھانہ میں شکایت درج کروائی تھی کہ انہوں نے موبائل ایپلی کیشن کے ذریعہ سیما سے رابطہ کیا اور فروری 2023 میں شادی کی۔
شادی کے کچھ ہی مہینوں کے بعد سیما نے اس پر دباؤ بنایا کہ وہ اسے اپنے بزنس میں پارٹنر بنائے۔ جب اس نے اس سے انکار کیا تو سیما اس سے جھگڑا کرکے دہرہ دون چلی گئی اور اپنے ساتھ 25 سے 30 لاکھ روپے کے زیورات اور نقد رقم بھی لے گئی۔ پولیس نے جب سیما کی تاریخ کا پتہ لگایا تو اسے شبہہ ہوا کیونکہ وہ پہلے بھی اس طرح کے واقعات کو انجام دے چکی تھی۔ ڈی سی پی جے پور مغرب امت کمار کی ہدایت پر سیما کا پردہ فاش کرنے کے لیے ایک ٹیم کی تشکیل دی گئی، جس نے آپریشن ‘لٹیری دلہن’ کو انجام دیا۔
سنیل کمار جانگڑ اور سب انسپکٹر وسندھرا کی قیادت میں تشکیل ٹیم نے دہرہ دون جا کر سیما اگروال کو گرفتار کیا۔ پوچھ تاچھ میں انکشاف ہوا کہ سیما طلاق شدہ امیر مردوں کو نشانہ بناتی تھی۔ وہ ان سے شادی کرتی اور کچھ دنوں بعد جہیز، تشدد اور غیر فطری تعلق قائم کرنے کے جھوٹے الزام لگا کر مقدمہ درج کروا دیتی۔ پھر سمجھوتے کے نام پر پیسے وصول لیتی۔ تیسری شادی میں وہ اپنے شوہر سے جھگڑا کرکے زیور، نقدی لے کر چلی گئی۔ پوچھ تاچھ میں سیما نے اپنا گناہ قبول کر لیا ہے۔ جے پور پولیس نے اپیل کی ہے کہ اگر کسی دیگر شخص کے ساتھ اس طرح کا واقعہ ہوا ہو تو وہ فوراً رابطہ کریں۔